21

انسانیت کی خدمت صفت پیغمبری ہے‘راجہ تیمور طارق

گجرات(نمائندہ فری ہینڈ نیوز)انسانیت کی خدمت صفت پیغمبری ہے اور جو لوگ انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہیں ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ان خیالات کا اظہار صدر گجرات پریس کلب راجہ تیمور طارق نے گزشتہ روز عائشہ بشیر ہسپتال گجرات میں فلاحی مراکز کی انچارجز کی ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ عائشہ بشیر ہسپتال اور ڈسٹرکٹ آفس پاپولیشن ویلفےئر کے زیر اہتمام ضلع بھر سے فلاحی مراکز کے انچارجز کی ٹریننگ کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے جو کہ پانچ بیجز پر مشتمل ہے یہ ٹریننگ ہفتے تک جاری رہے گی ۔ صدر گجرات پریس کلب نے کہا کہ گجرات کے صحافیوں نے ہمیشہ فلاحی کاموں کی تشہیر میں اپنا کردار احسن طریقے سے ادا کیا ہے اور جس انداز میں عائشہ بشیر ہسپتال میں کام جاری ہے وہ قابل تحسین ہے غریب اور مستحق افرقاد کی خدمت کیلئے اس ادارہ میں دن رات کام ہو رہا ہے اور ہر شخص کا فرض ہے کہ وہ فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے ۔ ممتاز سماجی شخصیت سید آصف رضا نقوی آف پیس ٹریولز نے کہا کہ ڈاکٹر اعجاز بشیر 1992سے خدمت خلق کے مشن پر کاربند ہیں اور انہوں نے جس انداز میں کام کیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی اور ہم سب ان کی ٹیم ممبر کی حیثیت سے اشتراک کریں گے ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفےئر امجد فاروق کلیر نے کہا کہ عائشہ بشیر کلفٹ ہسپتال کی کاوشیں ہمیشہ قابل تحسین رہی ہیں اور ہم ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ وہ دن رات کام کر رہے ہیں اور غریب مستحق مریضوں کو کٹے ہونٹ و تالو کے علاج کے ساتھ ساتھ انہوں نے سماعت سے محروم پیدائشی بچوں کے علاج ، سپیچ تراپی ، دانتوں کے مسائل و دیگر شعبوں میں ماہر ڈاکٹرز کو پاکستان کے عوام کی خدمت کیلئے مہیا کیا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر پاپولیشن ویلفےئر عفت کمال نے کہا کہ پاپولیشن ویلفےئر ڈیپارٹمنٹ کے ورکرز کی تربے کا جو سلسلہ عائشہ بشیر کلفٹ ہسپتال میں شروع کیا گیا ہے اسے جاری رہنا چاہیے ہم اس سلسلہ میں بھرپور معاونت کریں گے تا کہ کوئی بچہ علاج سے محروم نہ رہ سکے ۔ چےئرمین عائشہ بشیر ہسپتال گجرات ڈاکٹر اعجاز بشیر نے کہا کہ یہ ہسپتال خدمت خلق کے جذبہ کے تحت شروع کیا گیا اور یہ دن رات مختلف شعبوں میں بچوں کی بہتری کیلئے کام کر رہا ہے ۔ جس میں مخیر حضرات کا تعاون شامل حال رہتا ہے ۔ اس تربیتی ورکشاپ کا مقصد لوگوں تک یہ پیغام پہنچانا ہے کہ بچوں کی صحت کے معاملہ میں تعاون کریں ان کی کوشش سے اگر ایک زندگی بھی بچ جائے تو یہ صدقہ جاریہ ہے اس موقع پر مختلف شعبہ جات کے ماہر ڈاکٹرز و لیڈی ڈاکٹرز نے ورکرز کو لیکچر دئیے اور شرکاء میں اسناد تقسیم کیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں