8

چیئرمین سینیٹ کی فواد چوہدری کوایوان سے نکالنے کی وارننگ

اسلام آباد(فری ہینڈ نیوز)چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کو ایوان سے باہر نکالنے کی وارننگ دے دی۔سینیٹ میں فواد چوہدری اورن لیگی سینیٹرمشاہد اللہ خان کے درمیان نوک جھوک جاری رہی،چیئرمین سینیٹ اس دوران اراکین سینیٹ کو خاموش کرانے کی کوشش کرتے رہے۔سینیٹ اجلاس کے دوران فواد چوہدری ،مشاہداللہ خان کے بارے میں اپنے الزامات سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ،ایک طرف مشاہدا للہ خان وفاقی وزیر اطلاعات سے معافی کا مطالبہ کرتے رہے ،دوسری طرف فواد چوہدری ڈٹ گئے اور کہا کہ کس بات کی معذرت کرلوں ؟ میں اپنے الزامات پر قائم ہوں مشاہد اللہ خان ان کی تردید کردیں۔چیئرمین سینیٹ شور کے ماحول میں بار بار مشاہداللہ خان کو اپنی نشست پر بیٹھنے کی درخواست کرتے رہے،فواد چوہدری کے بولتے رہنے پر صادق سنجرانی نے انہیں ایوان سے باہر نکالنے کی وارننگ دی اور کہا کہ ایوان ایسے نہیں چلے گا، وزیر اطلاعات صاحب ورنہ آپ کو ایوان سے باہر کرنا پڑیگا۔چیئرمین سینیٹ نے بار بار فواد چوہدری کو مشاہد اللہ خان سے معذرت کی ہدایت کی ،ایک موقع پر صادق سنجرانی نے لیڈر آف دی ہاؤس شبلی فراز سے کہا کہ وہ فواد چوہدری اور مشاہداللہ کو شیر وشکر کریں۔سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا کہ 26 سال ہوگئے سینیٹ میں، کبھی ایسا ماحول نہیں دیکھا، لگتا ہے ملک کو درپیش سنجیدہ مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے دانستہ ایسا کیا جارہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں