18

عوام کو پتا ہے عمران خان اقتدار میں آیا نہیں لایا گیاہے‘مشاہد اللہ خان

اسلام آباد(فری ہینڈ نیوز)مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کٹھ پتلی ہے،عوام کو پتا ہے کہ یہ عمران خان ووٹ سے اقتدار میں نہیں آیا،اسے لایا گیا ہے۔سینیٹ اجلاس میں دھواں دھار خطاب کرتے ہوئے مشاہداللہ خان نے کہا کہ حکومت کو ڈیم کیلئے فنڈز کیوں نہیں مل رہا؟عوام ان کو پیسے کیوں نہیں دے رہی؟ذرا یہ بتائیں نہ کہ اب تک ڈیم کیلئے کتنی رقم اکٹھی کی ؟انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کو پتہ ہے موجودہ حکومت کس راستے سے اقتدار میں آئی ہے ،انہیں عوام کی فکر ہی نہیں ہے،اگر انہیں عوام کی اہمیت کا پتا ہوتا تو آج ڈالر 134سے اوپر نہ ہوتا۔ن لیگی سینیٹر نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کو عوام کا خیال ہوتا تو گیس کی قیمت اور مہنگائی نہ بڑھتی جن لوگوں نے ملک کی خدمت کی ان سے ساتھ ہی ناانصافی ہورہی ہے۔ان کا کہناتھاکہ ایوان میں مشاعرہ ہوگا،یہ بے ادب لوگ ہیں نہیں کیا پتا کہ شاعری کیا ہوتی ہے ،باادب بانصیب ،بے ادب بے نصیب،بس یہاں منشیات پر بات نہیں ہوگی۔مشاہد اللہ خان نے حکومت پر الزام لگایا کہ وہ انصاف کرنے کے بجائے اپنے لوگوں کو نواز رہی ہے ،انہیں وزیر و مشیر بنایا جارہا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم عمران خان،وزیر دفاع پرویز خٹک،وزیراعظم کے مشیر ذلفی بخاری اور سینئر وزیر پنجاب علیم خان کیخلاف ریفرنس موجود ہیں لیکن تمام قانون ان لوگوں پر لگائے جارہے ہیں جو سرجھکانا نہیں جانتے۔ن لیگی سینیٹر نے مزید کہا کہ شہباز شریف کئی بار وزیر اعلیٰ رہے،بہت کارنامے سرانجام دئیے،ان کیلئے گواہی ترکی اور چین سے بھی آتی ہے لیکن انہیں پانی کے کیس میں بلاتے ہیں اور آشیانہ کیس میں گرفتار کر دیتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں