15

سموگ سے بچاؤ کیلئے زگ زیگ ٹیکنالوجی استعمال نہ کرنیوالے بھٹہ خشت کی بندش یقینی بنائی جائے،DCڈاکٹر خرم شہزاد

گجرات(نمائندہ فری ہینڈ نیوز)ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے ہدایت کی ہے کہ سموگ سے بچاؤ کیلئے زگ زیگ ٹیکنالوجی استعمال نہ کرنیوالے بھٹہ خشت کی بندش یقینی بنائی جائے ، دھان کی فصل کی باقیات ،کوڑا کرکٹ جلانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی ہوگی، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے چالان کرکے ان پر جرمانے عائد کئے جائیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ اینٹی سموگ کمیٹی، بھٹہ خشت ایسویسی ایشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)ملک غضنفر علی اعوان، اے سی گجرات افضل حیات،ایکسئین روڈز رائے نواز، ڈی او ماحولیات عمر اشرف، سیکرٹری آر ٹی اے کامران اکبر، ڈی ایس پی ٹریفک سہیل فاضل، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر عرفان اللہ وڑائچ ، انسپکٹر شمریز و دیگر افسران،صدر بھٹہ خشت ایسویسی ایشن ریاض احمد وڑائچ بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ بھٹہ خشت مالکان کو ماحول دوست جدید ٹیکنالوجی اپنانا ہوگی ،حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق آلودگی کا باعث بننے والے بھٹہ خشت کی بندش کے احکامات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے سیکرٹری آر ٹی اے کو ہدایت کی کہ مختلف روٹس پر بغیر فٹنس چلنے والی گاڑیوں کے خلاف ایکشن لیا جائے نیز ماحولیات ڈیپارٹمنٹ، ٹریفک پولیس اور موٹروے پولیس بھی ایسی گاڑیوں کے خلاف ایکشن لے۔ انہوں نے چیف آفیسرز کو ہدایت کی کہ سینی ٹیشن سٹاف کو سختی سے ہدایت کی جائے کہ کوڑا کرکٹ کو آگ نہ لگائیں بلکہ انہیں مناسب طریقے سے ڈمپ کیا جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ زراعت ڈیپارٹمنٹ کسی بھی کسان کیطرف سے دھان کی پرالی اور مڈھوں کو آگ لگانے کی رپورٹ دے تو اسکے خلاف فوری ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ تھانے کو اندراج مقدمہ کیلئے کیس بھجوایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں