21

وزیراعظم کا 2 روزہ ’ختم نبوت‘ انٹرنیشنل کانفرنس بلانے کا فیصلہ

اسلام آباد(فری ہینڈ نیوز)وزیراعظم عمران خان نے رواں ماہ 2 روزہ ختم نبوت صلی اللہ علیہ وسلم انٹرنیشنل کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعظم آفس میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری سمیت دیگر رہنماؤں سے ملاقات میں عمران خان نے کہا کہ آئندہ 12 ربیع الاول شایان شان طریقے سے منائیں گے اور اسلام آباد میں 2 روزہ ختم نبوت صلی اللہ علیہ وسلم انٹرنیشنل کانفرنس کا اہتمام بھی کیا جائیگا۔ملاقات میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نے وزیراعظم کو حالیہ احتجاج اور اس سے نمٹنے کے لئے بنائی گئی کمیٹی کی رپورٹ پیش کی اور انہیں بریفنگ بھی دی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں علما و مشائخ کے ساتھ مسلسل بذات خود رابطے میں رہوں گا، ہم پر امن اسلام کے امیج کو پوری دنیا کے سامنے پیش کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ حضور ؐ کی سیرت طیبہ کے پیغامِ رحمت کو اپنی آئندہ نسلوں تک پہنچانا ریاست کی ذمہ داری ہے،ریاستِ مدینہ کے قیام کے لئے علما کرام اور دینی طبقات کی مشاورت کی ضرورت ہے۔عمران خان نے مزید کہا کہ آئندہ 12ربیع الاول کو شایانِ شان طریقے سے منایا جائے گا، جس کے سلسلے میں تمام صوبوں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔وزیراعظم کا کہناتھاکہ اسلام آباد میں2 روزہ ختم نبوت ؐ انٹرنیشنل کانفرنس کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں امامِ کعبہ، جامعتہ الاظہر کے وائس چانسلر، شام کے مفتی، عراق اور تیونس کے علماکرام حضورؐ کی سیرتِ مبارکہ پر روشنی ڈالیں گے۔سیرتِ مبارکہؐ کے حوالے سے وزیر اعظم کی ہدایت پر تحقیقی اور تصنیفی کام کو حکومت کی سرپرستی میں فروغ دیا جائے گا۔اتحادِ امت اور بین الامذاہب ہم آہنگی کی مہم کو تیز کیا جائے گا۔ملاقات میں وفاقی وزیرِ اطلاعات چوہدری فواد حسین بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں