16

جامعہ گجرات کے شعبہ علوم اسلامیہ کے زیر اہتمام دو روزہ عالمی قرآن کانفرنس کا آغاز ہوگیا

گجرات(نمائندہ فری ہینڈ نیوز)جامعہ گجرات کے شعبہ علوم اسلامیہ کے زیر اہتمام دو روزہ عالمی قرآن کانفرنس کا آغاز حافظ حیات کیمپس میں ہو گیا ہے۔ اسں دو روزہ عالمی قرآن کانفرنس کا موضوع ایک مثالی معاشرہ کے قیام کے لیے پیغام پاکستان کا قومی بیانیہ ہے۔ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس کا فریضہ چیئر پرسن اسلامی نظریاتی کونسل اسلام آباد ڈاکٹر قبلہ ایاز نے سرانجام دیا۔ ڈاکٹر قبلہ ایاز نے قرآنی تعلیمات کی روشنی میں پیغام پاکستان کی متفقہ و اجتماعی دستاویز کے مختلف نکات کا جائزہ پیش کرتے ہوئے قرآن کو امن عالم کے لیے بنیادی صحیفہ قرار دیا۔ افتتاحی اجلاس کا کلیدی خطبہ سابق چیئر پرسن شعبہ علوم اسلامیہ پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر شبیر احمد منصوری نے پیش کیا جبکہ استنبول سحر یونیورسٹی ترکی کے پروفیسر ڈاکٹر عبداللہ الاحسن نے پیغام پاکستان کے حوالہ سے قرآن کی وجد آفرین انقلابی تعلیمات پر سیر حاصل روشنی ڈالی۔ صدر شعبہ ڈاکٹر ارشد منیر لغاری نے میزبانی کے فرائض سرانجام دیتے ہوئے دو روزہ عالمی قرآن کانفرنس کے انعقاد کے لیے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم کی خصوصی دلچسپی و کاوشوں کا پرزورالفاظ میں شکریہ ادا کیا۔ قرآن کانفرنس کے بین الاقوامی مندوبین میں پرنسپلUKاکیڈمی برائے اسلامک سائنسز شیخ احمد دباغ، یونیورسٹی سائنز ملائیشیا کے ڈاکٹر محمد خیر محی الدین، یونیورسٹی آف گلاسگو برطانیہ کے ڈاکٹر لائیڈ ریجن اور اوسنا برک یونیورسٹی جرمنی کے ڈاکٹر مارٹن محمود کلنر شامل ہیں۔ کانفرنس کے مختلف اجلاسوں میں شرکت کے لیے پاکستان کے مختلف صوبوں کی یونیورسٹیوں کے صدور شعبہ جات، اساتذہ، طلبہ کے علاوہ مفتیان کرام اور مشائخان عزام کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں