23

جامعہ گجرات کی فیکلٹی برائے انجینئرنگ و ٹیکنالوجی کے زیراہتمام’’انٹر یپرینیئر پراجیکٹ نمائش ‘‘ کا انعقاد

گجرات (پ۔ر)جامعہ گجرات کی فیکلٹی برائے انجینئرنگ و ٹیکنالوجی کے زیراہتمام’’انٹر یپرینیئر پراجیکٹ نمائش ‘‘ کا انعقاد ہوا جس میں طلبہ ٹیموں نے اختراع و جدت پر مبنی کارآمد صنعتی و تجارتی مصنوعات نمائش کے لیے پیش کیں۔ نمائش کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرمحمد فہیم ملک نے کیا۔ اس موقع پر ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر اور ڈین ڈاکٹر فوزیہ مقصود کے علاوہ ڈائریکٹرSADAآصف شریف اور ایکسپرٹBICبابر شہزادہ بھی موجود تھے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے سینئر اراکین کی کثیرتعداد نے نمائش میں شرکت کرتے ہوئے طلبہ کے صنعتی و تجارتی منصوبوں اور منصوعات کی افادیت کو سراہا۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد فہیم ملک نے نمائش میں پیش کئے جانے والی مصنوعات کا ناقدانہ جائزہ لیتے ہوئے طلبہ کو مصنوعات کے معیار و افادیت کے حوالہ سے گرانقدر مشوروں سے نوازا۔ ڈاکٹر محمد فہیم ملک نے کہا کہ نوجوان طلبہ میں انٹر پیرینیئر شپ کا فروغ عظیم قومی خدمت ہے۔ اختراعی کاروباری و تجارتی منصوبے ملکی ترقی کا باعث ہیں۔ دیانتداری و خلوص کاروبارو تجارت کا جزو لازم ہیں۔ مختلف منصوبوں کو پروان چڑھاتے ہوئے حب الوطنی کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر نے کہا کہ فیکلٹی برائے انجینئرنگ و ٹیکنالوجی نوجوان طلبہ میں انٹر یپرینیئر شپ کو پروان چڑھانے کے لیے تمام کاوشیں بروئے کار لا رہی ہے۔ نوجوان طلبہ قوم کا بہترین انسانی اثاثہ ہیں۔جامعہ گجرات مختلف کیمونٹی ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کے ذریعے معاشرتی و سماجی بیداری کو مطمؤ نظر بنائے ہوئے ہے۔ طلبہ کی تکنیکی واختراعی صلاحیتوں میں اضافہ قومی صنعت و حرفت کو نئی منزلوں کی جانب گامزن کرنے میں سود مند ثابت ہو گا۔ یاد رہے کہ شعبہ کیمیکل انجینئرنگ کی جانب سے منعقدہ اس نمائش میں مختلف کیمیائی مصنوعات، خوراک ،صاف پانی، بجلی کی مصنوعات، کاسمیٹکس کے علاوہ فوٹو گرافی و ویڈیو گرافی ڈاکومنٹری بھی پیش کی گئیں۔ تمام مصنوعات اختراع وجدت کا اعلیٰ نمونہ تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں