18

پنجاب اسمبلی: عوام کو ٹوائلٹ فراہم کرنے کی قرارداد منظور

لاہور(فری ہینڈ نیوز)پنجاب اسمبلی میں دیہی علاقوں سمیت صوبے بھر میں عوام کو ٹوائلٹ کی سہولت فراہم کرنے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کر لی گئی۔عوام کو ٹوائلٹ کی سہولت فراہم کرنے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے راجہ یاور کمال اور فاروق امان اللہ دریشک سمیت 4 ارکان نے پیش کی۔قرارداد کے متن میں کہا گیا تھاکہ پنجاب کے 17 فیصد عوام ٹوائلٹ کی سہولت سے محروم ہیں ، جبکہ ٹائلٹ سے محروم علاقوں میں راجن پور، مظفرگڑھ اور ڈیرہ غازی خاں سرفہرست ہیں۔قرارداد کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ ان علاقوں میں 40 فیصد سے زائد عوام اس سہولت سے محروم ہیں۔پنجاب اسمبلی میں گلی محلوں، ٹریفک سگنلز اور چوراہوں پر بھیک مانگنے والوں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی قرارداد بھی منظور کی گئی۔یہ قرارداد تحریک انصاف کی رکن سیدہ زہرہ نقوی کی جانب سے پیش کی گئی۔قرار داد میں کہا گیا ہے کہ صوبے بھر میں گلی محلوں، ٹریفک سگنلز اور چوراہوں پر لوگ بھیک مانگتے نظر آتے ہیں، حکومت ان کو کارآمد شہری بنانے کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کرے۔پنجاب اسمبلی میں اسمبلی سیکریٹریٹ میں محفل میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم منعقد کرانے پر قرارداد بھی منظور کی گئی جسے مسلم لیگ ق کے رکن ساجد احمد خان نے پیش کیا۔قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ایوان اسمبلی کی 90سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ اسمبلی سیکریٹریٹ میں محفل میلاد پر اظہار مسرت کرتا ہے۔متن میں ڈ محفل میلاد کے انعقاد پر پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا اور کہا گیا کہ پنجاب اسمبلی میں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا انعقاد تاقیامت جاری رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں