12

جنوبی پنجاب کو ضرور صوبہ بنائیں گے، جہانگیر ترین

فیصل آباد(فری ہینڈ نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ ایک سیکنڈ میں صوبہ نہیں بن جاتا، وقت لگے گا لیکن جنوبی پنجاب کو ضرور صوبہ بنائیں گے، ہوسکتا ہے کہ اگلا انتخاب آئے تو جنوبی پنجاب کا الیکشن الگ ہو، اسد عمر کے ساتھ تنازع کی خبر بالکل من گھڑت ہے۔فیصل آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ مڈٹرم انتخابات نہیں ہورہے، وزیراعظم سے جس طرح سوال کیا گیا تو اس کا جواب انہوں نے یہ دیا کہ ’’مڈٹرم انتخابات کسی وقت بھی ہوسکتے ہیں‘‘۔جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ قبل ازوقت انتخابات ہوئے تو بھی پی ٹی آئی ہی جیتے گی۔جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کا وعدہ ضرور پورا ہوگا لیکن صوبہ ایک سیکنڈ میں نہیں بن جاتا، وقت لگے گا لیکن جنوبی پنجاب کو صوبہ ضرور بنائیں گے۔اسد عمر کے ساتھ تنازع کی خبر کو من گھڑت قراردیتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ اسد عمر کے ساتھ آج کل میں کوئی بات تو کیا ، ان کی کوئی میٹنگ ہی نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قدر کے فیصلے وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک مل کر کرتا ہے۔جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت کو ابھی صرف تین مہینے گزرے ہیں، ان پر بہت سے حملے ہورہے ہیں کہ یہ غلطی کردی وہ غلطی کردی، لیکن وہ واضح کردیں کہ حکومت چلے گی، استحکام آئے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں