17

عمران خان نے مڈٹرم الیکشن کی دھمکی دی نہ اعلان کیا ‘فیاض الحسن چوہان

لاہور(فری ہینڈ نیوز)وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ عمران خان نے نہ مڈٹرم الیکشن کی دھمکی دی،نہ اعلان کیا اور نہ اظہار کیا۔پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ عمران خان نے اینکرز سے ملاقات میں ایک آدھا جملہ ایسا بولا،جس سے اپنے مطلب کی بات نکال کر میڈیا میں ایسی بات کی گئی۔انہوں نے کہا کہ قبضہ گروپ،منی لانڈرنگ والے،تاوان لینے والوں کے لئے جیل جانا معیوب نہیں،عمران خاں صاحب یا میرے جیسے شریف انسان جیل جانے سے گھبراتے ہیں،حکومت ان سے ڈیل کرے گی نہ ڈھیل دے گی۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ ایان علی ان کیخلاف بیان دینے پر تیار ہوئیں تو اب یہ لوگ بول رہے ہیں،آصف زرداری صاحب6،7 مہینے بعد میڈیا پر نظر آتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آپ سے نیب اور عدالت پوچھتی ہے تو آپ چلانا عمران خان پر شروع کر دیتے ہیں، ایک بندہ سر سے پاؤں تک کرپشن کے الزامات میں لتھڑا ہو اس کو پی اے سی کا چیرمین بنادیں؟وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو پیغام دے رہا ہوں کہ اسمبلی آپ کا انتظار کررہی ہے،یہ لوگ بتائیں کیا سی ایس ایس کا امتحان دے کر حکومت میں آئے تھے؟فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ ہم بھی آپ کی طرف عوام کے ووٹ لیکر آئے ہیں، ان لوگوں کو ہماری حکومت ہضم نہیں ہو رہی، عوام نے تحریک انصاف کو احتساب کا مینڈیٹ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کی پوری کوشش ہے کہ کسی طرح میل ملاپ ہوجائے، آپ کی دال نہیں گل رہی تو اب آنکھیں دکھا رہے ہیں کہ ہمیں لایا گیا ہے۔وزیراطلاعات پنجاب نے یہ بھی کہا کہ فریال تالپور کے ڈرائیور کے اکاونٹ میں بھی رقم نکلی ہے،25،30 افراد ایسے ہیں جو آرٹیکل 6 کے پھندے میں آتے ہیں،گزشتہ حکومت اگر ان سب پر آرٹیکل 6 کا مقدمہ چلا دیتی تو آج ان کی واہ واہ ہوتی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں