19

مقبوضہ کشمیر، افضل گورو کی برسی پر آج مکمل ہڑتال

مقبوضہ کشمیر(فری ہینڈ نیوز)مقبوضہ کشمیر میں شہید افضل گورو کی برسی کے موقع پر آج مکمل ہڑتال کی جا رہی ہے، ہڑتال کی اپیل حریت قیادت نے دی ہے۔کشمیری میڈیا کے مطابق مقبول بٹ شہید کی برسی پر پیر کو ہڑتال کی جائے گی۔ایک بیان میں حریت قیادت نے کہا ہے کہ مقبول بٹ اور افضل گورو کی جدوجہد ا ور شہادت کشمیر کی تاریخ کا تابناک باب ہے،کشمیری اپنے شہداء کی قربانیاں فراموش نہیں کریں گے۔حریت قیادت نے بھارتی دارلحکومت دہلی کی تہاڑ جیل کے احاطے میں سپردِ خاک دونوں کشمیریوں کی میتیں حوالے کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔بھارت نے 13 دسمبر 2001ء کو بھارتی پارلیمنٹ پر ہونے والے حملے کے الزام میں افضل گورو کو 9فروری 2013 ء کو نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں خفیہ طورپر پھانسی دے دی تھی اور میت کو جیل کے احاطے ہی میں دفن کر دیا تھا۔محمد افضل گورو کی زندگی علم، فن اور مزاحمت سے عبارت تھی ،پھانسی کے وقت ان کی عمر 44 برس تھی، انہیں قانونی پیروی کا موقع نہیں دیا گیا، نہ ہی ان کی پھانسی سے پہلے ان کی اہل خانہ سے ملاقات کرائی گئی۔مقبول بٹ کی برسی کے موقع پر بھی پیر کو مکمل ہڑتال ہوگی، مقبول بٹ کو 11فروری 1984ء کو تہاڑ جیل میں پھانسی دی گئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں