45

ٹیکنیکل ایجوکیشن ملکی ترقی کیلئے بے حد اہم ہے‘ڈاکٹر اعجاز بشیر

گجرات(نمائندہ فری ہینڈ نیوز)ٹیکنیکل ایجوکیشن ملکی ترقی کیلئے بے حد اہم ہے ان خیالات کا اظہار چےئرمین عائشہ بشیر کلفٹ ہسپتال ڈاکٹر اعجاز بشیر نے گزشتہ روز فاران گروپ آف ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام منعقدہ نمائش کے دورہ کے موقع پر کیا انہوں نے کہا کہ اگر ہم انسانیت کی خدمت کیلئے کام کریں تو دنیا و آخرت سنوار سکتی ہے اور فنی تعلیم سے انسان کو تعلیم کے ساتھ ساتھ بہتر روزگار بھی ملتا ہے ۔ فاران گروپ آف ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ کی طرف سے ہونے والی کاوشیں قابل تحسین ہیں جس کیلئے ہم طارق جاوید چوہدری اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ وہ ملک بھر میں فنی تعلیم کے فروغ کیلئے کام کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ اگر ہم ملکر انسانیت کی فلاح و بہبود کے مشن کے تحت کام کریں تو بچوں کی تعلیم کا مشن بھی پورا ہو سکتا ہے اور ہم فاران گروپ آف ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام ملک بھر میں کٹے ہونٹ و تالو کے مرض میں مبتلا بچوں کے علاج معالجہ کیلئے کام کریں گے ۔ وائس چےئرمین انصاف کلچر ونگ راجہ نعمان نے کہا کہ ہم سب کا مشن پاکستان کی فلاح و بہبود اور نوجوان نسل کی بہتری ہے اور اس مشن کے تحت ہم ملکر کام کریں گے ہم فاران گروپ آف ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ کی انتظامیہ اور طلباء کی کاوشوں کو سراہتے ہیں کہ انہوں نے اپنے ماڈلز میں پاکستان کو درپیش مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے حل کیلئے جو کاوشیں کی ہیں وہ قابل تحسین ہیں اور ہم طارق جاوید چوہدری ، عمر طارق اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ بحرین کی ممتاز کاروباری شخصیت فیصل مغل نے کہا کہ پاکستانی دنیا بھر میں خدمت خلق کیلئے کام کر رہے ہیں اور آج مجھے دیکھ کر خوشی ہوئی ہے کہ فاران گروپ آف ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ نے ان بچوں کی تعلیم و تربیت کیلئے جو اقدامات کیے ہیں وہ قابل تحسین ہیں بیرون ملک بھی ہنر مند لوگوں کی قدر کی جاتی ہے ۔ اگر ہم ہنر مند لوگ بھجوائیں گے تو انہیں بہترین تنخواہ اور سہولیات میسر آئیں گیں ۔ عمر طارق چوہدری ڈائریکٹر فاران گروپ آف ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ نے کہا کہ اس نمائش کا مقصد طلباء کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے اور ہم انہیں جو سکھاتے ہیں اس کا مظاہرہ وہ ان پراجیکٹس کی شکل میں سامنے لاتے ہیں ان بچوں کو ان کی کارکردگی کی بناء پر انعامات دئیے جائیں گے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں