29

شہباز شریف کو لیپ ٹاپ اسکیم میں کلین چٹ مل گئی

لاہور(فری ہینڈ نیوز)سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو لیپ ٹاپ سکیم میں مبینہ کرپشن پر کلین چٹ مل گئی ہے۔ محکمہ ہائر ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے 2012 سے 2017 تک 4 لاکھ 14 ہزار 848 لیپ ٹاپ میرٹ پر تقسیم کئے اوران کا ٹھیکہ سب سے کم بولی دینے والی فرم کو دیا گیا۔پنجاب اسمبلی میں محکمہ ہائر ایجوکیشن نے ایک سوال پر تحریری جواب میں کہا ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ شہبازشریف نے لیپ ٹاپ انتہائی کم بولی والی فرم سے خریدے تھے،نیب لاہور نے گزشتہ مارچ سے انکوائری شروع کر رکھی ہے جس میں ایک فرد پر بھی بد عنوانی ثابت نہیں ہوئی تھی۔تحریری جواب میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ گزشتہ حکومت نے 2012 سے 2017 تک 4 لاکھ 14 ہزار 848 لیپ ٹاپ میرٹ پر تقسیم کئے ، 2011 اور 2012 میں ایک لاکھ دس ہزار لیپ ٹاپ خریدے جن پر 4 ہزار 197 ملین روپے خرچ ہوئے۔سال 2012 اور 2013 میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ 3 ہزار 995 ملین ،2013۔14 میں 4 ہزار 949 ملین اور 2016۔17 میں ایک لاکھ 15 ہزار لیپ ٹاپ 6 ہزار 954 ملین روپے میں خریدے گئے۔محکمہ ہائرایجوکیشن نے اپنے تحریری جواب میں اعتراف بھی کیا ہے کہ لیپ ٹاپس کی تقسیم میں نہ کوئی کرپشن ہوئی اور نہ وہ غائب کیے گئے،یہ الزام بھی درست نہیں کہ لیب ٹاپ کی تقسیم میں سیاستدان یا بیوروکریٹس بدعنوانی کے مرتکب ہوئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں