56

اسٹیٹ بینک کی جانب سے ایس ایم ایز کے لیے ایس ایم ای فنانس پر سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور گجرات میں آگاہی مہم کا انعقاد

گجرات(نمائندہ فری ہینڈ نیوز)اسٹیٹ بینک کی جانب سے ایس ایم ایز کے لیے ایس ایم ای فنانس پر سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور گجرات میں آگاہی مہم کا انعقاد۔بینک دولت پاکستان نے سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور گجرات میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کے لیے اپنی چار روزہ آگاہی مہم مکمل کر لی ہے۔ یہ آگاہی مہم 13 تا 16 مارچ 2019ء کے دوران منعقد کی گئی جس میں ایس ایم ایز کے مختلف کلسٹروں کے 2,000 سے زائد نمائندوں کے ساتھ اجلاسوں کا انعقاد اور تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان پروگراموں میں 300 سے زیادہ سینئر بینکاروں سمیت بینکوں کے علاقائی اور زونل سربراہان نے شرکت کی۔ ان شہروں میں سات الگ الگ سیشن منعقد کیے گئے جبکہ گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اور اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اشتراک سے گوجرانوالہ میں ایک بڑا ایس ایم ای فنانس میلہ منعقد کیا گیا۔صدر گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس نے میلے کی افتتاحی تقریب میں شریک افراد سے خطاب کیا اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (SMEs) کے لیے اسٹیٹ بینک کی پالیسیوں کے حوالے سے آگاہی پروگراموں کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے انہیں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اپنے کلیدی خطاب میں اسٹیٹ بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید ثمر حسنین نے شریک افراد کو آگاہ کیا کہ اس میلے کی ایک منفرد خصوصیت یہ ہے کہ مختلف ایس ایم ای مصنوعات کی پیشکش کرنے والے بینکوں کا ان ایس ایم ایز اداروں سے رابطہ ہو جاتا ہے، جو فنانسنگ کی سہولتیں حاصل کرنے کے خواہش مند ہیں۔ میلے میں شرکت کرنے والی ایس ایم ایز کو درپیش مسائل کے فوری حل نکال کر انہیں فراہم کیے گئے۔ کئی بینکوں نے ایس ایم ای فنانس کی فراہمی میں اپنی دلچسپی ظاہر کی۔ بینکوں نے وزیرآباد کٹلری مارکیٹ کا دورہ کرنے میں بھی دلچسپی دکھائی تا کہ اس مارکیٹ میں کام کرنے والے 900 سے زائد ایس ایم ای وینڈرز(vendors) کو فنانسنگ کے حل پیش کرنے کے امور کا جائزہ لیا جا سکے۔یہاں یہ بات یاد رکھنا ضروری ہیکہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے آگاہی کی یہ مہم اس لیے چلائی گئی کیونکہ یہ بات سامنے آئی تھی کہ ایس ایم ایز میں اسٹیٹ بینک کی ایس ایم ای فنانس پالیسی یا ری فنانس کی زر اعانت پر مبنی اسکیموں کے تحت فنانسنگ کی سہولتوں کی فراہمی کے بارے میں آگاہی کا فقدان پایا جاتا ہے۔ آگاہی بڑھانے کے لیے بینکوں پر پہلے ہی زور دیا گیا ہے کہ وہ ایس ایم ایز کو ان کے علاقوں میں ایسی سہولتیں فراہم کریں۔ آگاہی کی اس چار روزہ مہم کی ایک منفرد خصوصیت یہ تھی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ آمنے سامنے اجلاسوں کے انعقاد کے علاوہ ہر روز منعقد ہونے والی تقریبات کو پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں جامع کوریج دی گئی۔ دن کے اختتام پر عوامی سطح پر ذرائع ابلاغ کی آگاہی کے لیے مقامی اور قومی میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں