43

کیلیفورنیا:عدنان صدیقی نے انور مقصود کو جذبات سے بھرپور خراج تحسین پیش کیا

کیلیفورنیا(فری ہینڈ نیوز)عدنان صدیقی نے انسٹا گرام پر اپنی ایک سیلفی پوسٹ کی ہے جس کے عقب میں انور مقصود اپنی پینٹنگ کی تیاریوں میں مصروف ہیں جس کے ساتھ ایک تحریر لکھتے ہوئے انہوں نے انور مقصود کو ملک کا ایک عظیم اثاثہ قرار دیا ہے۔عدنان صدیقی نے یہ بھی لکھا کہ کسی ایسے شخص کے لیے شایانِ شان الفاظ کا چناؤ قدرے مشکل ہوتا ہے جس نے حقیقتاً آپ کو صفر سے سکھایا ہو، مجھے انور مقصود نے دریافت کیا جنہیں میں پیار سے ’انور ماموں‘ کہتا ہوں، بہت سال قبل مجھے ان کے ڈرامے ’خوابوں کی زنجیر‘ میں کام کرنے کا موقع ملا اس کے بعد میری پہلی ڈرامہ سیریل ’عروسہ‘ منظر عام پر آئی، انہوں نے ہی مجھے زندگی کی پہلی فلم کی پیشکش کی اور میں نے کراچی سے لاہور تک کا سفر کیا تاہم میں اس میں اپنا کردار جاری نہ رکھ سکا جو ایک الگ بات ہے۔ عدنان صدیقی نے مزید لکھا کہ ’میں ہمیشہ سے ہی انور مقصود کا بے حد شکر گزار رہوں گا کیونکہ انہوں نے مجھے بہت شعور دیا۔ اگرچہ ہم انڈس اسپتال کے لیے ساتھ محو سفر ہیں لیکن اس سفر میں نہ صرف ان کی عظمت کے پہلو سامنے آئے بلکہ میں نے دیکھا کہ لوگ ان کی ایک جھلک دیکھنے کے منتظر رہتے ہیں۔ میں اس کا مشاہدہ کررہا ہوں کہ وہ اپنے فکاہیہ اور پرمزاح انداز سے کس طرح لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرتے ہیں۔ انور ماموں! آپ کا بہت شکریہ کہ یہ سفر میری زندگی کا ایک یادگار سفر بھی ہے‘۔واضح رہے کہ عدنان صدیقی اس وقت انور مقصود کے ساتھ امریکا کے دورے پر ہیں جہاں وہ فلاحی ادارے، انڈس اسپتال کے لیے عطیات جمع کرنے کے لیے امریکا کے کئی شہروں میں پروگرام منعقد کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں