56

ہزارہ برادری کیساتھ ظلم عظیم ہوا‘شہریارآفریدی

اسلام آباد(فری ہینڈ نیوز)وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ ہزارہ برادری کے ساتھ ظلمِ عظیم ہوا، ہم ان کے ساتھ ہر آزمائش میں شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی اور وزیر اعظم عمران خان کے مشیر زلفی بخاری نے کوئٹہ میں ہزارہ برادری سے اظہارِ تعزیت کے بعد میڈیا سے بات کی۔شہر یار آفریدی نے کہا کہ دشمنانِ پاکستان چاہتے ہیں کہ کسی طریقے سے پاکستان کو بلیک لسٹ میں لایا جائے، افواجِ پاکستان اور عوام لازوال قربانیاں دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرے اپنے گھر سے تین جنازے اٹھ چکے ہیں، دشمن قوتوں کو پیغام دیتے ہیں کہ اپنے اتحاد اور یکجہتی سے تمام سازشیں ناکام بنائیں گے۔شہریارآفریدی نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کا ویڑن ہے کہ بلوچستان کو اوپر اٹھانا ہے، پاکستانی قوم یاد رکھے کہ آزمائشیں اللہ کے محبوب لوگوں پرآتی ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ لوکل کمیونٹی اور علماء ہمیں راستہ بتائیں، بدنیتی کرنے والے کو اللہ رسوا کرے گا، آج ایف اے ٹی ایف کو تمام درکار معلومات دے دیں۔اس سے قبل انہوں نے کوئٹہ آمد کے بعد وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال سے ملاقات بھی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں