24

کرپشن کنگز بچوں کو سیاسی بھٹی میں جھونک چکے‘فردوس عاشق اعوان

لاہور(فری ہینڈنیوز)وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کرپشن کنگز خود کو بچانے کےلئے اپنے بچوں کو سیاست کی بھٹی میں جھونک چکے ہیں ۔ مریم نواز کے بیان کے ردعمل میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مریم نواز کا تعزیتی بیٹھک کو سیاسی دکانداری کےلئے استعمال کرنا قابل افسوس ہے،وہ خود بے نامی دار ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم بی بی وہ کردار ہیں جو چوری کرکے سینہ زوری کر رہی ہیں ،یہ عدالت میں کچھ کہتی ہیں اور انٹرویوز میں کچھ اورکہتی ہیں ۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات نے مزید کہا کہ ان لوگوں کا بیانیہ حالات، واقعات اور صورتحال کے مطابق بدلتا ہے ۔ فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ یہ لوگ پاکستان کی سب سے بڑی عدالت کے فیصلے کو نہیں مان رہے اور کہہ رہے ہیں کہ جیل کے دروازے توڑیں گے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ لوگ ملکی خزانے پر جھاڑو نہ پھیرتے تو آج ملک اور قوم غریب نہ ہوتے، وزیراعظم پر تنقید کرکے مریم نواز اپنا قد اونچا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں ۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ ملک کومسائل کی دلدل میں دھکیلنے والے قلیل عرصے کا کس منہ سے حساب مانگتے ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں