120

حکومت و اپوزیشن بیٹھ کر معاشی بحران کا حل نکالیں ‘شجاعت حسین

لاہور(فری ہینڈنیوز)سابق وزیراعظم اور ق لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ حکومت و اپوزیشن مل بیٹھ کر ملک کو معاشی بحران سے نکالیں ۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو چوہدری شجاعت حسین نے کہاکہ عید کے بعد کچھ اپوزیشن جماعتیں حکومت اورعمران خان مخالف تحریک چلانے کیلئے ایجنڈا تیار کررہی ہیں ۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کو مشوردہ دیا کہ تحریک چلانے کےلئے تیار بیٹھی جماعتیں معیشت کی بحالی کے ایجنڈے پر غور کریں ۔ چوہدری شجاعت حسین کا کہناتھاکہ حکومت اوراپوزیشن کو مل بیٹھ کرملک کومعاشی بحران سے نکالنا ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان پر مجھ سمیت تمام جماعتوں کے قائدین نے دستخط کئے تھے، تمام جماعتیں اس پر عملدرآمد کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔ ق لیگ کے صدر نے مزید کہاکہ ملک پہلے ہی دہشت گردی سمیت بہت سے بحرانوں میں گھرا ہوا ہے، فوج اپنا فرض ادا کر رہی ہے، پارلیمنٹ بھی اپنا کردار ادا کرے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں