14

وزیراعظم عمران خان نے لوگوں کو دھمکایا ہے: مصدق ملک

لاہور(فری ہینڈ نیوز)مسلم لیگ نون کے رہنما مصدق ملک کہتے ہیں کہ وزیر اعظم عمران خان نے قوم کے نام اپنے پیغام میں ایک طرح سے لوگوں کو درخواست کے ساتھ دھمکایا بھی ہے وزیر اعظم عمران خان کے آج کے قوم کے نام پیغام پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ نون مصدق ملک نے کہا کہ اقتصادی سروے میں آج پتہ چل جائے گا کہ کتنا ٹیکس حکومت کو ملا ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت میں ہر سال 25 سے 30 فیصد انکم ٹیکس بڑھ رہا تھا، 10 مہینے میں کیا ہوا کہ ٹیکس وصولی میں کمی آ گئی ۔ مصدق ملک نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان تو کہتے تھے کہ ایمنسٹی اسکیم چوروں کے لیے ہوتی ہے، آج وہ خود ایمنسٹی اسکیم کے حق میں آکر ٹی وی پر بولے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوال یہ ہوتا ہے کہ وزیر اعظم ایمنسٹی اسکیم کس کے لیے لے کر آئے ہیں ، پچھلی ایمنسٹی اسکیم چوروں کے لیے تھی تو اب کن کے لیے ہے ۔ مصدق ملک نے یہ بھی کہا کہ بجٹ عوام دوست ہوا تو نوک جھونک کے بعد منظور ہو جائے گا، بجٹ نے غریب آدمی کی کمر توڑی تو ہم بھی آواز اٹھائیں گے ۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے آج اپنے اہم پیغام میں لوگوں کو اثاثہ جات ظاہر کرنے کی اسکیم سے فائدہ اٹھانے پر زور دیا ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں