39

سب وزیر داخلہ کروارہا ہے‘زرداری

اسلام آباد(فری ہینڈ نیوز)سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کو کچھ نہیں پتا، سب وزیر داخلہ کروارہا ہے ۔ آصف زرداری نے احتساب عدالت میں میڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف منتخب نہیں تھے اس لیے جیل جانے کو تیار نہیں ، پرویز مشرف نے ووٹ نہیں مانگنے جانا، ووٹ مانگنے انہیں جانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گرفتاری تیسری دنیا کے ملکوں میں سیاست کا حسن ہے، ان کی گرفتاری پریشر ٹیکٹکس ہیں ۔ آصف زرداری نے کہا کہ انہوں نے کہا تھا کہ چیئرمین نیب کی کیا مجال، سب حکومت کرتی ہے ۔ آصف زرداری سے سوال کیا گیا کہ کیا جیسے نواز شریف کو پارلیمنٹ سے آوَٹ کیا گیا، کیا آپ پر بھی وہی فارمولا اپلائی کیا جارہا ہے؟ اس پر ان کا کہنا تھا کہ فرق کیا پڑے گا؟ میں نہیں ہوں گا تو بلاول ہوگا، بلاول نہیں ہوگا تو آصفہ ہوگی ۔ آصف زرداری نے کہا کہ وہ عمران خان کو لندن بھاگتے دیکھ رہے ہیں ۔ صحافی نے سوال کیا کہ نواز شریف نے میمو گیٹ پر اظہار افسوس کیا، آپ کو بلوچستان حکومت گرانے پر افسوس ہے؟ اس پر سابق صدر کا کہنا تھا کہ سیاست میں انسان کو پوزیشن لینا پڑتی ہے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے جعلی اکائونٹس و منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کی تھی جس کے بعد نیب نے انہیں زرداری ہائوس اسلام آباد سے گرفتار کیا تھا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں