28

پیرس ایئر شو میں پاک فضائیہ کے جے ایف17 تھنڈر کی دھوم

پیرس(فری ہینڈ نیوز) لا بورجے میں منعقدہ 53 ویں پیرس ائیر شو کے اختتامی روز ایوی ایشن کے شائقین کی ایک بڑی تعداد نے پاک فضائیہ کے جے ایف17 تھنڈر کا سٹیٹک ڈسپلے اور فضائی مظاہرہ دیکھا۔ ہفتہ وار تعطیل کی وجہ سے دن کے آغاز میں ہی نمائش کا وسیع و عریض میدان ہر عمرکے پرجوش تماشائیوں سے بھرگیا۔ پیرس کے آسمانوں میں طیا رے کے مسحور کن فضائی مظاہرے سے شائقین بہت محظوظ ہوئے، طیارے کی لینڈنگ پر شائقین نے تالیاں بجا کراسکی شاندار پرفارمنس پر داد دی۔ ایئر شو میں دیگر جہازوں اور دفاعی سازوسامان کے درمیان رکھا گیا جے ایف 17 تھنڈر اس شو میں نمایاں حیثیت اختیار کر گیا، پاک فضائیہ کے عملے نے ایوی ایشن کے شائقین کو طیارے کی آپریشنل صلاحیتوں اور اس کے جدید ترین ہتھیاروں کے بارے میں آگاہ کیا۔ پاکستان کے اس شاہکار طیارے کو اپنے سامنے دیکھ عوام کی خوشی دیدنی تھی، سٹیٹک ڈسپلے کے علاوہ پاکستان ائیروناٹیکل کمپلیکس کامرہ میں تیار کردہ جے ایف 17 تھنڈر نے شاندار الوداعی فضائی مظاہرہ پیش کیا۔ دنیا کے سب سے بڑے ائیر شو میں پاک فضائیہ کے دستے کی شمولیت سے جے ایف 17 تھنڈر کی جدید ترین صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کا بہترین موقع میسر آیا اور ایوی ایشن کی عالمی منڈی میں ممکنہ خریداروں کو جے ایف 17تھنڈر کی صلاحیتوں کو پرکھنے کا موقع بھی فراہم ہوا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں