32

ورک ویزا مسائل محمد عامر کی راہ میں حائل ہو گئے

لاہور(فری ہینڈ نیوز) ورک ویزا مسائل محمد عامر کی راہ میں حائل ہو گئے، وہ انگلش ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ لیگ کے افتتاحی میچ میں شریک نہیں ہوسکے۔ انگلش ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ لیگ میں شرکت کیلیے ورلڈکپ کے بعد انگلینڈ میں رکنے والے محمد عامر گزشتہ روز افتتاحی میچ میں ایسیکس کائونٹی کی نمائندگی سے محروم رہے، انگلینڈ میں کھیلنے کیلیے اسپورٹنگ ویزا نہ ہونے کی وجہ سے ان کو ہوم آفس کی کلیئرنس کا انتظار ہے، ایسیکس کو اپنی پہلی مہم میں جمعرات کو مڈل سیکس کا سامنا کرنا تھا، فیملی مسائل کی وجہ سے اگلے دونوں میچز میں شرکت نہ کرنے کا عندیہ محمد عامر پہلے ہی دے چکے ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان کے دیگر کرکٹرز بابر اعظم کا سمرسٹ کے ساتھ معاہدہ ہوا ہے۔ فخرزمان گلیمورگن سے وابستہ ہوچکے ہیں، فہیم اشرف نارتھمپٹن شائر کی نمائندگی کررہے ہیں۔ گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ کینیڈا کیلیے 5 قومی کرکٹرز کو این او سی جاری کردیے گئے، ان میں شعیب ملک، محمد حفیظ، وہاب ریاض،شاداب خان اورعمر اکمل شامل ہیں، ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے سابق کپتان شاہدآفریدی کو پی سی بی کی جانب سے این اوسی کی ضرورت نہیں۔ ایونٹ25جولائی سے انٹاریو میں شروع ہورہا ہے، فیصلہ کن میچ 11 اگست کو ہوگا۔قومی کرکٹ ٹیم کی ستمبر تک کوئی انٹرنیشنل مصروفیات نہ ہونے کی وجہ سے کھلاڑیوں کے پاس خاصا وقت ہے کہ لیگز میں شرکت کرتے ہوئے اپنی دولت میں اضافہ کرسکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں