35

خیبر پختونخوا میں نئے ضم اضلاع کا پہلا مکمل نتیجہ آگیا

پشاور(فری ہینڈ نیوز)خیبرپختونخوا میں ضم ہونے والے 7 قبائلی اضلاع کی صوبائی اسمبلی کی 16 جنرل نشستوں پر ہونے والے انتخابات کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائجکا پہلا مکمل نتیجہ آگیا۔ پی کے 105،خیبر ون کے تمام 110 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج جیو نیوز کو موصول ہو گیاہے ، غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی کے 105 خیبر سے آزاد امیدوار شفیق آفریدی 19ہزار 524 ووٹ حاصل کر کے کامیاب ہو گئے ہیں جبکہ آزاد امیدوار شیرمت خان 10744 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے واضح رہے کہ اس صوبائی حلقے کے اوپر قومی نشست سے تحریک انصاف کے نورالحق قادری کامیاب ہوئے تھے ،وفاقی وزیر نورالحق قادری کے اپنے حلقے میں ان کا حریف امیدوار کامیاب ہو گیا۔ خیبرپختونخوا میں ضم ہونے والے 7 قبائلی اضلاع کی صوبائی اسمبلی کی 16 جنرل نشستوں پر ہونے والے انتخابات کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق5 نشستوں پر آزاد امیدوار، 3،3 پر تحریک انصاف اور جمعیت علمائے اسلام (ف) اور 2 پر جماعت اسلامی کو برتری حاصل ہے۔ قبائلی علاقے کے 7 اضلاع میں پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے،16 نشستوں پر 281 امیدواروں میں مقابلہ ہے، جن میں سب سے بڑی تعداد آزاد امیدواروں کی ہے۔ قبائلی اضلاع کی 16 جنرل نشستوں کےلئے تحریک انصاف نے 16، جے یو آئی ف نے 15،اے این پی نے 14، جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی نے 13،13 امیدوار میدان میں اتارے ہیں جبکہ مسلم لیگ ن اور قومی وطن پارٹی کے امیدواروں کی تعداد 3،3 ہے۔ صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق قبائلی اضلاع میں نیٹ ورک کا مسئلہ ہے،اس لئے نتائج واٹس ایپ پرفراہم کیے جائیں گے۔ پی کے 110 اورکزئی کے 175 میں سے 32 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق آزاد امید وار سید غازی جمال 4554 ووٹ لے کر پہلے اور آزاد امیدوار جوہر عباس 2553 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ پی کے 113 جنوبی وزیرستان 1 کے 139 میں سے 7 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق آزاد امیدوار وحید خان 1705 ووٹ لے کر پہلے اور آزاد امیدوار عارف زمان برکی 778 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ انتخابی عمل کے دوران قبائلی اضلاع میں زبردست گہماگہمی رہی، حق رائے دہی استعمال کرنےکےلئے صبح سویرے لمبی لمبی قطاریں لگ گئی تھیں۔ شمالی وزیرستان میں کئی ووٹرز قومی پرچم تھامے ہوئے تھے، خواتین نے بھی روایتی پردے میں ووٹ کاسٹ کیا، نوجوان اوربزرگ کڑی دھوپ میں کھلے آسمان تلےلائنوں میں لگے رہے۔بیمار اور خصوصی افراد بھی قومی فریضے کی ادائیگی کے لیے پولنگ اسٹیشن آئے۔ قبائلی اضلاع میں تاریخی انتخابات پر پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر ٹامس ڈریو نے مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے تاریخی دن پر آزاد انتخاب کا عمل کامیاب ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں