26

قبائلی اضلاع میں پر امن انتخابات پر قوم کو مبارک باد

سیالکوٹ(فری ہینڈ نیوز) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع میں پر امن انتخابات کے انعقادپر پوری قوم کو مبارک باد، امن کی یہ جیت نئے پاکستان میں استحکام پاکستان کی جانب اہم پیشرفت ہے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سوشل میڈیا پر ٹوئٹ کیا کہ ایک جانب قبائلیوں کو ان کے صبرکا پھل جمہوری حقوق کی صورت میں مل رہا تھا تو دوسری جانب آئینی حقوق کا رونا رونے والے اپنے ذاتی اثاثے بچاؤ بیٹھک لگا کر بیٹھے تھے۔ انہوں نے کہا کہ امن کی یہ جیت نئے پاکستان میں استحکام پاکستان کی جانب اہم پیشرفت ہے۔ملکی تاریخ میں پہلی بار تبدیلی کے عمل نے قبائلی علاقوں کے سنگلاخ پہاڑوں پر جمہوریت کے خوبصورت پودے کی نمو ممکن کی۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوامی حقوق کے نام نہاد ضامن بننے والوں کی قبائلی عوام نے ضمانتیں ضبط کروا دیں، ان کے ٹوئٹر اکائونٹس دیکھ لیں صرف عمران خان کی عداوت کا زہر ملے گا، ان میں سے کسی کو توفیق نہ ہوئی کہ جمہوری عمل کی کامیاب تکمیل پر دو لفظ بول دیتے، ان کی جمہوریت کا مطلب صرف اور صرف ذاتی مفادات کا تحفظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جن کی لازوال قربانیوں سے ملک کا امن لوٹا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں