20

’اے عقل والو! اللّٰہ کے نظام پر بار بار غور کرو‘امام الشیخ محمد بن حسن

سعودی عرب(فری ہینڈ نیوز) حج کے رکنِ اعظم وقوف عرفات کی ادائیگی کے لیے لاکھوں عازمین میدان عرفات پہنچ چکے ہیں جہاں خطبۂ حج جاری ہے۔ سعودی عرب میں فریضۂ حج کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں حجاج جمع ہیں جو رکنِ اعظم وقوف عرفات کی ادائیگی کے لیے خطبۂ حج سن رہے ہیں۔ امام الشیخ محمد بن حسن آل الشیخ نے مسجدِ نمرہ میں خطبہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمہارے پاس اللّٰہ کی دلیل آ چکی ہے، اے عقل والو! اللّٰہ کے نظام پر بار بار غور کرو۔ امام الشیخ محمد بن حسن آل الشیخ نے حجاج کرام سمیت تمام امتِ مسلمہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اللّٰہ کی اس نعمت اور فضل پر خوب خوشیاں منائیں، قرآن میں فرمایا گیا ہے کہ اللّٰہ اپنی رحمت سے جسے چاہتا ہے علم عطا فرماتا ہے۔ رسول صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ تم زمین والوں پر رحم کرو، اللّٰہ تم پر رحم فرمائے گا، اپنے والدین کے ساتھ بھلائی کا راستہ اختیار کریں، والدین کے بعد رشتے داروں سے اچھا رویہ اختیار کریں۔ انسان ہو یا جانور، سب سے رحمت کا معاملہ کریں، امت کو چاہیے کہ ایک دوسرے سے شفقت کا معاملہ رکھے، نفرتیں ختم کرے۔ امام الشیخ محمد بن حسن آل الشیخ نے مزید کہا کہ سعودی حکومت نے حجاج کے لیے بہت خدمات انجام دی ہیں، سعودی حکومت کی کوشش سےحجاج کو ہرقسم کی سہولت مل رہی ہے۔ امام الشیخ محمد بن حسن آل الشیخ کی جانب سے خادم الحرمین شریفین کے لیے دعا بھی کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں