27

خطے میں جنگ کے بادل نظرآتے ہیں: آرمی چیف

راولپنڈی(فری ہینڈ نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ خطے میں جنگ کے بادل نظرآتے ہیں لیکن امن و سلامتی کی امید بھی ہے ۔ پاکستان نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیئے اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے ادا کی ہیں۔ اب اقوام عالم کی ذمہ داری ہے کہ ہر طرح کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کوعملی طور پر رد کرے ۔ جی ایچ کیو میں یوم دفاع اور یوم شہداء کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ حالیہ دنوں دہشت گردی کے خلاف جنگ دنیا کے لیے ایک مثال ہے، پاکستان نےاپنی ذمہ داریاں پوری کردیں اب دنیا کی ذمہ داری ہےکہ وہ دہشت گردی کےخلاف اپنی ذمہ داری ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے ۔ ہر قربانی کےلیے تیارہیں۔ آخری گولی اور آخری سپاہی اور آخری سانس تک فرض ادا کریں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے اور یہ اس وقت تک رہے گا جب تک کشمیرکا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کےمطابق حل نہیں ہوجاتا۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ آج کا پاکستان امن اورسلامتی کا پیغام دیتا ہے، ہم افغانستان میں بھی امن و استحکام کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں اور پاکستان کےدل ایک ساتھ دھڑکتےہیں، ہم کشمیری بہن بھائیوں کےلیے ہرقربانی دینے کوتیارہیں۔ آرمی چیف کا تقریب میں کہنا تھا کہ شہدا کے ورثا کا عزم دیکھ کر حوصلہ بلند ہوا،پاکستان کی بنیادوں میں شہیدوں کا لہو شامل ہے اور آج بھی ہمارے سپوت وطن پر قربان ہونے کو تیار ہیں۔ اس سے قبل جی ایچ کیو میں یوم دفاع و شہدا کی مرکزی تقریب کا انعقاد ہوا جس کا آغاز بگل بجا کر کیا گیا اور شہداء کو سلام پیش کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔ تقریب میں شہداء کے لواحقین خصوصی طور پر مدعو ہیں، آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ کی تقریب کے مہمان خصوصی ہیں، جبکہ غیر ملکی سفراء، حکومتی ارکان اور اعلیٰ عسکری حکام بھی شریک ہیں۔ تقریب کے آغاز پر قومی ترانہ پڑھا گیا جس میں تمام شرکا نے کھڑے ہوکر شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ یوم دفاع وشہدا کی مرکزی تقریب میں شہدا کے حوالے سے ایک ڈاکیومینٹری بھی پیش کی گئی جس میں شہدا کے اہل خانہ مختصر انٹرویو شامل کیے گئے۔ اس موقع پر تقریب میں موجود شرکاء کی آنکھیں نم ہوگئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں