37

ٹوکیو، پاکستانی سفارتخانے میں یوم دفاع کی پُروقار تقریب

ٹوکیو(فری ہینڈ نیوز) 6 ستمبر کے حوالے سے ٹوکیو میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم دفاع کی پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں جاپان کے اعلیٰ فوجی حکام سمیت دوست ممالک کے ملٹری اتاشیز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان امتیاز احمد نے کہا کہ آج پاکستانی قوم یوم دفاع کے ساتھ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن بھی منارہی ہے تاکہ دنیا کو بتا سکیں کہ پاکستان اور کشمیر یک جان دو قالب ہیں۔ امتیاز احمد نے کہا کہ کشمیر کو بابائے قوم قائد اعظم نے پاکستان کی شہ رگ قرار دیا ہے جس کے بغیر پاکستان اور پاکستانی قوم خود کو نامکمل سمجھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حق خود ارادی کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے، عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کرے۔ سفیر پاکستان امتیاز احمد نے کہا کہ اس وقت کشمیری عوام بھارتی فوج کی جانب سے سخت مشکلات اور ظلم کا سامنا کررہے ہیں ایک مہینے سے کشمیر میں کرفیو نافذ ہے، بھارتی افواج معصوم کشمیری شہریوں کے خلاف پیلٹ گن کا آزادانہ استعمال کررہی ہیں جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن 6 ستمبر کا وہ تاریخی دن ہے جس دن پاکستان نے اپنے سے بڑے دشمن کو ناکوں چنے چبوا دیئے تھے آج پاکستانی قوم اپنے ملک کے دفاع کے لیے پہلے کی طرح متحد ہے۔ سفیر پاکستان نے کشمیر کے حوالے سے کہا کہ عالمی برادری بھارت پر کرفیو کے خاتمے اور کشمیری عوام کو اپنے جمہوری حق کے استعمال کی آزادی کے لیے دباؤ ڈالے۔ تقریب میں پاکستان کے ڈیفنس اتاشی ایئر کموڈور شیراز احمد نے یوم دفاع کے حوالے سے مہمانوں کو بریف کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں