21

8 ستمبر بحریہ کے جوانوں کے حوصلے و شجاعت کی یاد دلاتا ہے، نیول چیف

کراچی(فری ہینڈ نیوز) ملک بھر میں یوم بحریہ آج منایا جارہا ہے، کراچی میں پاک بحریہ کی خصوصی تقریب میں یوم دفاع و یکجہتی کشمیر کے موقع پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کا دن بحریہ کے افسران اور جوانوں کے حوصلے اور شجاعت کی یاد دلاتا ہے۔ 8 ستمبر کو پاکستان نیوی کے بحری جنگی جہازوں نے بھارت کے ساحل پر حملہ کیا اور پاک بحریہ نے دوارکا میں بھارتی ریڈار اسٹیشن کو تباہ کیا۔ نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آبدوز غازی کا خوف بھارتی نیوی کے جہازوں پر چھایا رہا، آبدوز غازی نے سمندر پر اپنی با لادستی قائم کیے رکھی۔ یومِ بحریہ 1965کی جنگ کے ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے منایا جاتا ہے۔ اس دن کی مناسبت سے کراچی میں پاک بحریہ کی خصوصی تقریب میں یوم دفاع و یکجہتی کشمیر کے موقع پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، تقریب میں کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی مہمان خصوصی تھے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق تقریب میں شہداء کے لواحقین کی بڑی تعداد کو مدعو کیا گیا تھا، اس موقع پر کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا کہ ملکی سرحدوں کا دفاع شہداء کے لہو سے ناقابل تسخیر بنتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی دفاع میں شہداء کی لازوال قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، ملکی سرحدوں کا دفاع شہداء کے لہو سے ناقابل تسخیر بنتا ہے۔ کمانڈر کراچی نے شہداء کے لواحقین کے عزم اور حوصلے کو بھی خراج تحسین پیش کیا، تقریب کے اختتام پر کمانڈر کراچی نے شہداء کے لواحقین سے فرداً فرداً ملاقات کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں