37

لاہور، 100نئے پرائمری اسکولز کھولنے کی تیاریاں

لاہور(فری ہینڈ نیوز) لاہور کے آؤٹ آف اسکول بچوں کیلئے 100نئے پرائمری اسکولز کھولنے کی تیاریاں ہونے لگیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت لاہور میں اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر اسکولز ایجوکیشن مدارس، اسپیشل سیکرٹری اسکولز ایجوکیشن،پراجیکٹ ڈائریکٹرپی ایم آئی یو اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں شرح خواندگی میں اضافے کیلئے موبائل اسکولز قائم کرنے کی تجویز دی گئی۔ عثمان بزدار نے فروغ تعلیم کے لئے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے 100نئے اسکولز کھولنے اورموبائل اسکولز کے پروگرامز کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کر دی۔ یہ پرائمری اسکول ان علاقوں میں کرائے کی عمارتوں میں کھولے جائیں گے جہاں قرب و جوار میں کوئی اسکول نہیں۔ ان ا سکولوں میں آؤٹ آف اسکول بچوں کو داخلہ دیا جائے گا،ابتدائی طورپر10بسوں میں موبائل اسکولز قائم کئے جائیں گے۔ لاہورکے گنجان علاقوں اوربزنس ایریاز میں کام کرنے والے بچوں کو موبائل اسکولز میں تعلیم دی جائے گی۔ دونوں پروگرامز پر مجموعی طور پر تقریباً 26 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ ان پروگرامز کے حوالے سے قابل عمل پلان جلد پیش کیا جائے۔عثمان بزدار تعلیم کے فروغ کیلئے جو کچھ ممکن ہوا وہ کریں گے۔ اس حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں