54

علینا سنٹر میں آتشزدگی،100 سے زائد افراد کو بحفاظت ریسکیو کیا گیا،1بچی جاں بحق ہوئی ہے،ڈپٹی کمشنر گجرات

گجرات(فری ہینڈ نیوز) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزادنے کہا ہے کہ علینا سنٹر میں آتشزدگی کے دوران رہائشی و کمرشل فلورز سے 100 سے زائد افراد کو بحفاظت ریسکیو کیا گیا، واقعہ میں ایک بچی جاں بحق، تین افراد زخمی ہوئے ہیں، آتشزدگی کے واقعہ کی تحقیقات کیلئے اے ڈی سی جی توقیر الیاس کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی قائم کر دی ہے جو 24گھنٹے میں رپورٹ پیش کرے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ بھمبر روڈ پر واقعہ علینا سنٹر بیسمنٹ، تین کمرشل، چار رہائشی فلور ز سمیت آٹھ منزلہ ہے، مبینہ طور پر آگ بیسمنٹ میں شارٹ سرکٹ سے لگی جس نے پورے پلازہ کو لپیٹ میں لے لیا تاہم انکوائری ٹیم اپنی تحقیقات کے بعد آگ لگنے کی وجوہات کا حتمی تعین کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122گجرات کے ساتھ گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور منڈی بہاوالدین سے فائر بریگیڈ کو طلب کر لیا گیا اور مجموعی طور پر 23فائر ٹینڈرز نے آگ بجھانے کیلئے کاروائی، رہائشی و کمرشل فلورز پر پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے کے لئے کاروائی میں حصہ لیا، تاہم  دم گھٹنے کے باعث ایک بچی جاں بحق ہوگئی، زخمیوں میں سے دو افراد زیر علاج ہیں جبکہ ایک خاتون کو طبی امداد کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔اس سے قبل علینا سنٹر میں آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد موقع پر پہنچ گئے، تمام امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کی اے ڈی سی جی تو قیر الیا س، ڈی ایم او فہد اعجا ز، ڈسٹرکٹ ایمر جنسی آفیسر عمر اکبر،سی او میونسپل کارپوریشن محمود اقبا ل و دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں