85

زرداری کو کچھ ہوا تو حکمران ذمہ دار ہوںگے‘قمر زمان کائرہ

لاہور(فری ہینڈ نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری کو کچھ ہوا تو حکمران ذمہ دار ہوں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ جیل میں سابق صدر آصف علی زرداری کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ جیل اہلکار بھی ان کی صحت پر سخت تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔ قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری کو شوگر، بلڈ پریشر، دل کی بیماری اور رعشہ کا مرض لاحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی، حکومت، عدلیہ اور جیل انتظامیہ سے بار بار انہیں اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کر رہی ہے لیکن آصف زرداری کی صحت کے بارے میں پیپلزپارٹی کی بات نہیں سنی جا رہی۔ قمرزمان کائرہ نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ آصف زرداری کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جائے، اگر انہیں اسپتال منتقل نہ کیا گیا تو بھرپور احتجاج کی کال دی جائے گی۔ ذوالفقار علی بھٹو اور بی بی شہید کے بعد سندھ کے عوام کو ایک بار پھر غلط پیغام بھیجا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے خلاف حکمرانوں کے انتقام کی آگ ٹھنڈی نہیں ہورہی ہے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا صحت کی بنیاد پر آصف علی زرداری بلیک میل نہیں ہوں گے، پیپلزپارٹی اور بلاول بھٹو چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔ گردن اور زبان کٹوا کر بھی جو شخص نہ جھکے اسے اب کیسے جھکایا جا سکتا ہے۔ اُن کا مزید کہنا ہے کہ ان سفاک اور بزدلانہ ہتھکنڈوں سے پیپلز پارٹی بلیک میل نہیں ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں