45

مجھے دین سیکھنا اور اسے پھیلانا ہے، رابی پیرزادہ کا نئے سال میں عہد

کراچی(فری ہینڈ نیوز) سابق گلوکارہ رابی پیرزادہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ اردو ترجمے کے ساتھ قرآن پاک کی تلاوت کرتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔ شوبزکی دنیا چھوڑ کر دین کی راہ اپنانے والی سابق گلوکارہ رابی پیرزادہ آج کل دین کی تعلیم حاصل کرنے میں مصروف ہیں۔ گزشتہ روز انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اپنے استاد کی رہنمائی میں قرآن پاک کو اردو ترجمے کے ساتھ پڑھ رہی ہیں۔ رابی پیرزادہ کے ساتھ بیٹھے ہوئے ان کے استاد نے کئی جگہ پر قرآن پڑھتے ہوئے ان کی رہنمائی بھی کی۔ ویڈیو کے ساتھ رابی پیرزادہ نے نئے سال کا عہد لیتے ہوئے لکھا کب سے میں لائیو قرآن پاک کی تلاوت کررہی ہوں ، مگر اس نئے سال میں مجھے دین سیکھنا اور پھیلانا ہے اور وہ بھی ترجمے کے ساتھ۔ رابی پیرزادہ نے تمام لوگوں کو نصیحت کرتے ہوئے لکھا کہ کچھ وقت اللہ کو دے کر آپ بھی دیکھیں کیا پتہ آپ کی زندگی بھی بدل جائے۔ واضح رہے رابی پیرزادہ میں تبدیلی گزشتہ برس اس وقت آئی تھی جب ان کے موبائل فون سے ان کی کچھ نجی ویڈیوز اورتصاویر لیک ہوگئی تھیں جس کے بعد رابی پیرزادہ نے خدا سے اپنے گناہوں کی معافی مانگتے ہوئے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ اب وہ اپنی باقی زندگی دین اسلام کے مطابق گزاریں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں