26

پاکستان نے اندرونی مسائل کے باوجود مہاجرین کی مدد کی، گوتیرس

اسلام آباد(فری ہینڈ نیوز) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ پاکستان نے 40 سال سے افغان مہاجرین کے لیے اپنے دروازے کھلے رکھے، اب عالمی برادری کو افغان مسئلے پر اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ انتونیو گوتریس نے اسلام آباد میں نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سینٹر فار انٹرنیشنل پیس میں سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اندرونی مسائل کے باوجود افغان مہاجرین کی مدد کی، پاکستان مہاجرین کی میزبانی کرنے والا ترکی کے بعد دوسرا بڑا ملک ہے ، افغان مسئلے کے تمام حل افغانستان کی سرزمین میں ہی پنہاں ہیں۔ سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج کا اقوام متحدہ کے امن مشنز میں اہم کردار ہے ۔پاکستانی افسران امن مشنز میں فرسٹ کمانڈر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم او) میجر جنرل نعمان زکریا نے کہا کہ پاکستان امن مشنز میں فوجی اہلکار بھجوانے والا چھٹا بڑا ملک ہے ، 156 اہلکاروں نے عالمی امن کے لیے جان کی قربانی دی۔ انہوں نے کہا کہ 400 خواتین اہلکار بھی امن مشنز میں خدمات انجام دے رہی ہیں ، اس وقت دنیا کے 9 ملکوں میں پاکستان کے 4 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہیں۔ یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے تصویری نمائش کا بھی افتتاح کیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں