14

وفاقی کابینہ کا مریم نواز کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ

اسلام آباد(فری ہینڈ نیوز) وفاقی کابینہ نے ایک مرتبہ پھر مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو ملک سے باہر جانے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی اور رہنما احسن اقبال کی ضمانت پر رہائی کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ اجلاس کے دوران ارکان نے کہا کہ نیب آزاد اور خود مختار ادارہ ہے، نیب کو اس معاملے پر عدالت سے رجوع کرنا چاہیے۔ اس دوران سابق وزیراعظم نوازشریف کی واپسی سے متعلق پنجاب کابینہ کے فیصلے کو بھی سراہا گیا۔ کابینہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے بجلی کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ بھی سنادیا۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ بجلی کی قیمتیں کسی صورت نہیں بڑھنی چاہئیں۔ وفاقی کابینہ میں 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو مزید ریلیف دینے کی تجویز بھی شامل کی گئی۔ ذرائع کے مطابق کابینہ کے اجلاس میں ملکی معاشی اور سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا. کابینہ نے کامیاب خارجہ پالیسی پر وزیراعظم عمران خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 100 سفیر مل کر بھی کئی سال کوشش کرتے تو اتنی سفارتی کامیابی شاید نہ مل پاتی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں