41

خدارا مدد کرتے وقت ویڈیوز نہ بنائیں: فیصل قریشی

کراچی(فری ہینڈ نیوز) پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فیصل قریشی اور اداکارہ نیلم منیر نے عوام سے درخواست کی ہے کہ مدد کرتے وقت تصویریں اور ویڈیوز نہ بنائیں، امداد وصول کرنے والوں کی عزت نفس کا خیال رکھیں۔ موجودہ صورتحال میں کہ جب ملک بھر میں لاک ڈاؤن نافذ ہے جو یومیہ اجرت پر زندگی بسر کرنے والوں کے لیے ایک مشکل کی گھڑی ہے، حکومت سمیت مخیر حضرات کی بڑی تعداد ایسے لوگوں کی مدد کررہی ہے لیکن ان میں سے بعض تشہیر کی غرض سے تصویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی شیئر کررہے ہیں۔ ایسے تمام لوگوں سے فیصل قریشی نے درخواست کی ہے کہ کسی کی مجبوری کا فائدہ نہ اٹھائیں، کیونکہ امداد وصول کرنے والےمجبوری میں یہ کررہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی لکھا کہ لوگوں کی مجبوری کو عوام میں مقبول ہونے کے لئے استعمال نہ کریں کیونکہ وقت بڑی ظالم چیز ہے ۔ فیصل قریشی کے اس پیغام کو قومی کرکٹر محمد عامر نے بھی سراہا اور لکھا کہ اللہ کرے کہ لوگوں کو سمجھ بھی آجائے۔ دوسری جانب اداکارہ نیلم منیر نے بھی اپنے ایک سوشل میڈیا پیغام میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے ان کی مدد کریں۔ نیلم منیر نے اپنی پوسٹ میں ذاتی اپیل ہے کرتے ہوئے عوام سے درخواست کی تھی کہ جو لوگ موجودہ صورتحال میں دن و رات دوسروں کی مدد اور خدمت کرنے والوں خواہ وہ ڈلیوری بوائے ہو یا گھروں پر کام کرنے والے ملازم، ہمیں ایسے لوگوں کا درد محسوس کرنے کی ضرورت ہے۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہ وقت ہے کہ ہم سب ایسے لوگوں کے لیے قدم آگے بڑھائیں اور عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے ان کی مدد کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں