44

PIA کا خصوصی طیارہ عراق سے پاکستان پہنچ گیا

اسلام آباد(فری ہینڈ نیوز) پی آئی اے کی پرواز پی کے 9814 کے ذریعے 136 مسافر عراق سے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچ گئے، ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم نے مسافروں کا طبی معائنہ اور اسکریننگ کی۔ ایک مسافر کو جسم کا درجہ حرارت زیادہ ہونے پر پمز منتقل کردیا گیا ہے،جبکہ 135مسافروں اور 11 کریو ممبر زکو مختص ہوٹلوں کے قرنطینہ منتقل کردیا گیا ہے۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق مسافروں اور پی آئی اے کریو کے خون کے نمونے ہوٹل میں لیے جائیں گے، جس کے بعد کورونا ٹیسٹ منفی آنے والے مسافروں کو گھر جانے کی اجازت دی جائے گی۔ اس سے قبل عراق میں پھنسے پاکستانی پی آئی اے کی خصوصی پرواز سے وطن روانہ ہوئے تو عراق میں موجود پاکستانی سفیر ساجد بلال اور عملے نے پاکستانیوں کو رخصت کیا۔ عراق میں پھنسے پاکستانی مسافروں میں معذور، عورتیں، بوڑھے اور بچے بھی تھے، مسافروں کی روانگی سے قبل بغداد ایئرپورٹ پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔ اس موقع پر مسافروں نے پاکستان کی سلامتی اور بقاء کیلئے دعائیں مانگیں، ایئرپورٹ پر موجود پاکستانی سفیر نے جہازکے عملے سے بھی ملاقات کی اور ان کی خدمات کو سراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں