37

نوازشریف مفرور مجرم ہیں، شہزاد اکبر

اسلام آباد(فری ہینڈ نیوز) وزیر اعظم کےمعاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ نوازشریف مفرور مجرم ہیں، شاہد خاقان عباسی مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے چینی پر 2017 اور 2018 میں سلمان شہباز کی ایما پر 20 ارب کی سبسڈی دی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے چینی کی برآمد کی اجازت دی، سبسڈی کی نہیں دی تھی۔ شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی نے شوگر کمیشن کی رپورٹ پڑھی ہی نہیں، انہیں ٹی او آرز کا علم ہی نہیں، یہ ان کے خلاف چارج شیٹ ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی اپنے آقاؤں کو بچانے کے لیے کمیشن کی رپورٹ متنازع بنارہے ہیں۔ شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد میاں نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی گئی تھی۔ اپنی بات کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کہ نہ ہی نواز شریف کا علاج شروع ہوا ہے اور نہ ہی اس کی رپورٹ حکومت کو ملی ہے۔ شہزاد اکبر نے کہا کہ نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کے ساتھ ڈیل کا نہیں بلکہ ڈھیل کا سلسلہ چل رہا ہے۔ انہوں نے جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی جانب سے خود پر لگائے گئے الزامات پر کہا کہ وہ عدلیہ کا احترام کرتے ہیں اور اس پر تفصیلی جواب 2 جون کو عدالت میں جمع کروائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں