20

چھوٹے طبقے کی مشکلات دیکھتے ہوئے اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا، عمران خان

اسلام آباد(فری ہیںڈ نیوز) وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ چھوٹے طبقے کی مشکلات دیکھتے ہوئےہم نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے انٹر نیشنل لیبر آرگنائزیشن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے دوران لاک ڈاؤن سے مزدور طبقات زیادہ متاثر ہو ئے، ہم نے مشترکہ حکمت عملی کے تحت کورونا کے زیادہ پھیلاؤ کو روکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں مزدوروں کے لیے مشکل وقت ہے، معیشت کو نقصان سے بچانے کے لیے اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا جبکہ لاک ڈاؤن ہوتے ہی متوسط طبقہ بے روزگار ہوا، مزدور طبقے کے تحفظ کے لیے ہمیں مل کر اقدامات کرنا ہوں گے۔ اپنے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ بھارت نے کورونا کے بعد ملک بھر میں کرفیو لگایا، بھارت میں سخت لاک ڈاؤن سے بے روزگاری میں مزید اضافہ ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے عوامی اجتماعات، اسکولز اور کالجوں پر پابندی لگائی اور چھوٹے طبقات کی مدد کے لیے کیش پروگرام شروع کیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی حکمت عملی بنانا ہوگی، مشکل وقت میں کانفرنس کے انعقاد پر شکر گزار ہوں، ہمیں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں