113

بھارت: بس کھائی میں گرنے سے 27 افراد ہلاک

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)بھارتی ریاست بہار میں مظفر پور سے نئی دہلی جانے والی بس کے کھائی میں گرنے کے بعد آگ لگنے کے نتیجے میں 27 افراد ہلاک ہوگئے۔ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ریاستی ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے وزیر دِنیش چندرا یادو نے حادثے میں 27 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی۔کوٹوا پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او وِجے سِنہا نے بتایا کہ تباہ شدہ بس سے صرف 4 افراد کو زندہ بچایا جاسکا۔انہوں نے کہا کہ حادثے میں زندہ بچ جانے والے افراد کو جلنے کے زخم کے آئے ہیں جس کے باعث انہیں مقامی ہسپتال میں علاج کے لیے منتقل کیا گیا۔وِجے سِنہا نے مقامی افراد اور چند عینی شاہدین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نجی آپریٹر کی بس کو حادثہ اس وقت پیش آیا جب اس کے ڈرائیور نے ایک گاڑی کو ٹکر سے بچانے کی کوشش کی۔ان کا کہنا تھا کہ ’گاڑی کو بچاتے ہوئے بس کھائی میں جاگری اور اس سے قبل کہ لوگ اس میں پھنسے افراد کو نکالتے بس میں آگ لگ گئی۔‘بس میں 32 مسافر سوار تھے جن میں سے بیشتر کا تعلق مظفر پور سے تھا۔مظفر پور کے زونل آئی جی سُنیل کمار کا کہنا تھا کہ بس کو کھائی سے نکالنے کے بعد اچھی طرح دیکھا گیا، لیکن کسی انسان کی باقیات نہیں ملی جبکہ جائے وقوع سے ملنے والی راکھ کو فارنزک ٹیسٹ کے لیے بھیجا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں